میرے بچوں پر شاہ رخ یا ہریتھک کے بچوں جیسا دباؤ نہیں ہوگا، ارشد وارثی کا دوٹوک مؤقف
بولی وڈ کے معروف اداکار ارشد وارثی نے اپنے بچوں کی پرورش اور ان کے کیریئر کے حوالے سے اپنے منفرد خیالات کا اظہار کر کے سب کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
ارشد وارثی آج اپنی 58 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ جہاں ان کی پروفیشنل زندگی ہمیشہ خبروں میں رہی، وہیں ان کی ذاتی زندگی نسبتاً نجی رہی ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق اداکار نے حالیہ انٹرویو میں اپنے بیٹے زیک وارثی اور بیٹی زینے زوئے وارثی کے بارے میں کھل کر بات کی۔
ارشد وارثی کا کہنا ہے کہ ان کے بچوں کو فلمی دنیا میں آنے کے لیے کسی قسم کے ذہنی دباؤ اورعوامی توقعات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، جو شاہ رخ خان یا ہریتھک روشن جیسے سپر اسٹارز کے بچوں کو کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ایک حقیقت پسند والد ہیں اور انہوں نے ہمیشہ اپنے بچوں کو اپنی مرضی کی زندگی جینے کی آزادی دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ارشد وارثی کے بیٹے زیک وارثی نے فلم انڈسٹری میں اپنے کیریئر کا آغاز بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کیا ہے۔
وہ اس وقت سدھارتھ آنند اور راجکمار ہیرانی جیسے بڑے فلم سازوں کے ساتھ کام کر کے فلم سازی کی باریکیاں سیکھ رہے ہیں۔ ارشد کا ماننا ہے کہ ان کے بیٹے کو اپنی پہچان خود بنانی ہوگی۔
دوسری جانب ان کی 18 سالہ بیٹی زینے زوئے وارثی فی الحال اپنی تعلیم مکمل کر رہی ہیں۔
ارشد وارثی نے واضح کیا کہ وہ اپنے بچوں کو شوبز میں آنے کے لیے مجبور نہیں کریں گے، بلکہ وہ جس شعبے میں بھی جانا چاہیں، انہیں اپنے والدین کی مکمل حمایت حاصل ہوگی۔
ارشد وارثی کا کہنا ہے کہ بولی ووڈ میں اسٹار کڈز پر غیر معمولی توقعات اور دباؤ ہوتا ہے، جو اکثر ان کے لیے مشکل ثابت ہوتا ہے۔ اسی لیے وہ چاہتے ہیں کہ ان کے بچے ایک عام اور متوازن زندگی گزاریں۔
اداکار کے مطابق والدین کا کام بچوں کو راستہ دکھانا ہے، نہ کہ ان پر اپنی خواہشات مسلط کرنا۔ وہ اپنے بچوں کو خود فیصلے کرنے اور اپنی شناخت بنانے کا موقع دینا چاہتے ہیں۔
ارشد وارثی نے اپنے کیریئر میں سپرہٹ فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ میں ’سرکٹ‘جیسے لازوال کرداروں سے انڈسٹری میں اپنی جگہ بنائی ہے۔
















