ایران کو فوری طور پر حرکت میں آنا ہوگا ورنہ ان کے لیے کچھ نہیں بچے گا: صدر ٹرمپ کی دھمکی

ایران کے معاملے پر وقت تیزی سے جارہا ہے، بہتر ہے کہ جلد سے جلد کچھ کرلیں: امریکی صدر
اپ ڈیٹ 17 مئ 2026 11:44pm

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کے لیے وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے اور اسے فوری حرکت میں آنا ہوگا ورنہ پھر ان کے لیے کچھ نہیں بچے گا۔

اتوار کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے معاملے پر وقت تیزی سے جارہا ہے، بہتر ہے کہ جلد سے جلد کچھ کرلیں، ورنہ پھر ان کے لیے کچھ نہیں بچے گا، وقت ہے سب سے اہم ہے۔

اس سے پہلے امریکی صدر ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر نام لیے بغیر ایران کے لیے دھمکی آمیز پیغام بھی جاری کیا، جس کے کیپشن میں ”طوفان سے پہلے کی خاموشی“ لکھا تھا۔

تصویر میں صدر ٹرمپ کو امریکی فوجی افسر کے ہمراہ بحری جہاز میں سوار دکھایا گیا، پس منظر میں ایرانی پرچم والی ایک فوجی کشتی بھی دکھائی گئی۔

امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے پوری دنیا متاثر ہورہی ہے، تاہم پاکستان کی درخواست پر جنگ بندی تاحال برقرار ہے۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا نے ایران کے ساتھ جنگ بندی پاکستان کی درخواست پر کی۔ صدر ٹرمپ نے چین سے واپسی کے دوران ایئر فورس ون پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں حقیقت میں اس کے حق میں نہیں تھا لیکن ہم نے یہ پاکستان کے فائدے کے لیے کیا۔

صدر ٹرمپ نے پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل شاندار لوگ ہیں۔

واضح رہے پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے بھرپور سفارت کاری کررہا ہے۔ اس سے قبل ایران اور امریکا کے نمائندوں کے درمیان اسلام آباد میں مذاکرات کا ایک دور ہو چکا ہے، جس میں کسی حتمی معاہدے پر اتفاق نہیں ہو سکا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آج برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ایران امریکا مذاکرات کے لیے پرامید ہیں، چاہتے ہیں اسلام آباد میں مذاکرات کا ایک اور دور ہو تاکہ خطے میں مستقل امن قائم ہوسکے، پاکستان نے ایماندار ثالث کا کردار ادا کیا، دنیا نے پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا ،عالمی قیادت کو پاکستان پر مکمل اعتماد ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ خوش قسمتی سے ایران، امریکا اور خلیجی ممالک سب پاکستان پر اعتماد کرتے ہیں، فیلڈ مارشل نے ایران امریکا مذاکرات میں نہایت اہم کردار ادا کیا ہے۔