آج پٹرول اور ڈیزل سستا ہوگا یا مہنگا؟ بڑی خبر آگئی
عوام کے لیے پٹرول کی قیمت میں معمولی ریلیف جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل استعمال کرنے والوں کے لیے بڑے اضافے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ پندرہ روز کے لیے پٹرول کی قیمت میں 3 سے 4 روپے فی لیٹر کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر تک اضافے کی تجویز زیر غور ہے۔ حکومت آج رات نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی۔
ذرائع کے مطابق بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور درآمدی لاگت میں ردوبدل کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی ورکنگ مکمل کر لی گئی ہے۔
ابتدائی تخمینوں کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 3 سے 4 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے، جس سے موٹر سائیکل اور کار استعمال کرنے والے صارفین کو محدود ریلیف مل سکتا ہے۔
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے اور اس کی قیمت 30 روپے فی لیٹر تک بڑھ سکتی ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے اثرات ٹرانسپورٹ، زراعت اور اشیائے خورونوش کی ترسیل کے اخراجات پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ پندرہ روزہ جائزے میں حکومت نے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 22، 22 روپے فی لیٹر کمی کی تھی۔
اس وقت پٹرول کی سرکاری قیمت 381 روپے 78 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم ڈویژن وزیراعظم سے مشاورت کے بعد آج رات نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی، جس کے بعد نئی قیمتوں کا فوری اطلاق متوقع ہے۔

















