ایرانی وزیر خارجہ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، سیکیورٹی صورت حال پر گفتگو

عباس عراقچی نے کہا کہ جنگ ختم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
اپ ڈیٹ 26 اپريل 2026 11:00pm

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی فیلڈ نے آج اسلام آباد میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی ہے، جس میں خطے کی سیکیورٹی صورت حال پر گفتگو کی گئی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اتوار کے روز ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی عمان کے دارالحکومت مسقط سے دوبارہ پاکستان پہنچے، جہاں انہوں نے ایک بار پھر فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورت حال، ایران امریکا کشیدگی اور امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔

ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری ناگزیر ہیں۔ پاکستانی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران کے وزیر خارجہ کے حالیہ دورے اور پاکستان کی متحرک سفارتکاری کو عالمی سطح پر اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جب کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی کے امکانات بھی پیدا ہو رہے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ اسلام آباد سے روانہ

اس سے قبل امریکا سے مذاکرات کے تناظر میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی ایک بار پھر اسلام آباد ہوئی اور وہ اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرکے واپس روانہ ہوگئے۔

ایرانی وزیر خارجہ مسقط سے اسلام آباد پہنچے جب کہ مذاکرات کے لیے تہران سے ایرانی وفد بھی اسلام آباد پہنچا۔ اس موقع پر عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ تہران بھی جنگ ختم کرنے کے لیے سفارتی سطح پر کاوشیں کررہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کی اہم ملاقات ہوئی جس میں مذاکرات اور امریکی موقف پر بات چیت ہوئی۔ عباس عراقچی مسقط سے روس جانے کے بجائے واپس اسلام آباد آئے اور اب واپس روانہ ہوگئے۔

پاکستان کے دورے کے بعد عباس عراقچی روس کے دارالحکومت ماسکو کے لیے روانہ ہوئے ہیں تاہم ماسکو کے دورے پر وہ صدر پیوٹن سے بھی ملاقات کریں گے۔

ایرانی اور سعودی وزرائے خارجہ کا رابطہ

علاوہ ازیں قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق پاکستان آنے سے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزاد فیصل بن فرحان السعود کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس میں مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گفتگو کے دوران عباس عراقچی نے خطے کی موجودہ صورت حال کے مختلف پہلوؤں سے اپنے سعودی ہم منصب کو آگاہ کیا جب کہ خاص طور پر جنگ بندی سے متعلق پیش رفت پر روشنی ڈالی۔

ایرانی وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب کو ایران کی جانب سے جنگ کے خاتمے اور کشیدگی میں کمی کے لیے جاری سفارتی کوششوں اور اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری صورت حال اور سفارتی روابط کو جاری رکھنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، تاہم گفتگو کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

قبل ازیں ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے مسقط میں سیاسی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں خطے کی مجموعی صورت حال اور باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس دورے سے قبل ایرانی وزیرخارجہ جمعے کی رات اسلام آباد پہنچے تھے، ایرانی وفد نے اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کی تھیں، جن میں خطے کی سیکیورٹی اور بدلتی ہوئی صورت حال پر تفصیلی گفتگو ہوئی تھی۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا تھا، جس میں تقریباً پچاس منٹ تک دوطرفہ امور اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔